23 دسمبر 2025 - 16:24

انقرہ: ترکیہ کی ژاندارمری نے نئے عیسوی سال کی آمد سے قبل ملک میں داعش کی جانب سے ممکنہ دہشت گرد کارروائیوں کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ترکیہ کی ژاندارمری کمانڈ نے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا کہ انٹیلی جنس رپورٹس سے عندیہ ملتا ہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش آئندہ چند دنوں میں مصروف اور گنجان آباد علاقوں میں بیک وقت حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جن میں انقرہ اور استنبول خاص طور پر نشانے پر ہو سکتے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات کے مطابق داعش گاڑیوں میں نصب بموں کے ذریعے حملوں کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ شاپنگ مالز، عوامی بازار اور دیگر رش والے مقامات اس کے ممکنہ اہداف میں شامل ہیں۔ اس تناظر میں سکیورٹی اقدامات کو بلند ترین سطح تک بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ژاندارمری کے بیان میں داعش کی ممکنہ کارروائیوں کے طریقۂ کار بھی بیان کیے گئے ہیں، جن میں مسلح حملے، خودکش حملے، ڈرون حملے، بم سے لدی گاڑیوں کے ذریعے حملے اور گاڑی کو ہجوم پر چڑھانے جیسے طریقے شامل ہیں۔

اعلامیے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ عوامی مقامات پر نگرانی سخت کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha